نیویارک سٹی کی میئرشپ کے امیدوار زوہران ممدانی کی حامیت میں پاکستانی کمیونٹی نے کار ریلی نکالی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ شہر کی بہتری کے لیے زوہران ممدانی سے بہتر کوئی نہیں ہوسکتا۔
نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی نے وائس فار زوہران کے پلیٹ فارم سے فرسٹ ایڈ ہوم کیئر اور روشنی انٹرنیشنل کے اشتراک سے کار ریلی کا انعقاد کیا۔ یہ ریلی کونی آئی لینڈ ایونیو سے شروع ہوئی۔ ریلی کے منتظمین میں ڈاکٹرسلمیٰ کوثر، راحیلہ اسلم، ارشد خان اور دیگر شامل تھے۔ شرکاء نے ہاتھوں میں امریکی پرچم، زوہران ممدانی کی تصاویر اور ان کی حمایت میں مختلف پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ زوہران ممدانی کو ہی اس شہر کا میئر منتخب ہونا چاہیے۔ ریلی میں پاکستانی کمیونٹی کی خواتین اور مرد سمیت مختلف امریکی آفیشلز نے بھی شرکت کی۔ شرکاء خاصے پرجوش دکھائی دیے اور انھوں نے زوہران ممدانی کے لیے ووٹ کی اپیل بھی کی۔ منعقدہ ریلی میں ٹرک پر تیار کیا گیا فلوٹس بھی شامل تھا جس پر زوہران ممدانی کی انتخابی مہم سے منسوب نعرے درج تھے۔ اس دوران پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے ممدانی کی حمایت میں تیار کردہ نغمہ بھی فضا میں گونج رہا تھا۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ وہ انصاف، برابری، کمیونٹی کی بہتری اور اس شہر کے روشن مستقبل کے لیے زوہران ممدانی کے ساتھ کھڑے ہیں۔کار ریلی اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی برائٹن کے مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی۔