نیوآرک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور میں عملے کی کمی کے باعث متعدد بار "گراؤنڈ اسٹاپ” نافذ کیے گئے، جس کے نتیجے میں ایک سو سے زائد پروازیں منسوخ اور درجنوں میں تاخیر ہوئی۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق آمد پر آنے والی پروازوں کو تقریباً 45 منٹ کے لیے روک دیا گیا جو رات 10:45 بجے دوبارہ شروع ہوئیں۔ اسی روز صبح کے وقت بھی اسی نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا، جب دن بھر آمد کی حد 20 طیارے فی گھنٹہ تک محدود کر دی گئی۔نیویارک سٹی ایمرجنسی مینجمنٹ کے مطابق، اوسط تاخیر کا دورانیہ تقریباً دو گھنٹے رہا، جبکہ بعض پروازیں تین گھنٹے سے بھی زیادہ تاخیر کا شکار ہوئیں۔حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز مجموعی طور پر 120 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جن کے اثرات جے ایف کے اور لاگوارڈیا ایئرپورٹس تک پھیل گئے۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی پرواز کی تازہ صورتحال ضرور چیک کریں اور ممکنہ طویل انتظار یا وقت کی تبدیلی کے لیے تیار رہیں۔