نیویارک: پاکستانی کمیونٹی زوہران ممدانی کو کامیاب بنانے کے لیے متحد
میئر نیویارک سٹی کے امیدوار زوہران ممدانی پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کے لیے بروکلین پہنچ گئے۔ پاکستانی کمیونٹی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ زوہران ممدانی ہی شہر کے میئر منتخب ہوں گے۔
نیویارک سٹی کی میئر شپ کے امیدوار زوہران ممدانی کی حمایت میں امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ نے پوری کمیونٹی کو اکھٹا کرلیا۔ زوہران ممدانی کی آمد پر ان کا گرم جوشی سے والہانہ استقبال کیا گیا۔شرکا سے خطاب میں میئر کے امیدوار زوہران ممدانی کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین نے تمام حدیں پار کردی ہیں۔ نائن الیون کے بعد دوبارہ کبھی ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوئی، ابھی الیکشن میں 4 دن باقی ہیں، اس کے بعد تبدیلی کا کوئی آپشن نہیں رہے گا۔بروکلین میں منعقدہ کمیونٹی گیدرنگ میں پاکستانی امریکیوں کی مختلف تنظیموں کے سربراہان شریک ہوئے۔ اس موقع پر اے پیگ کے صدر علی راشد کا کہنا تھا کہ ابھی ارلی ووٹنگ جاری ہے، ہم سب نے اگر اپنی نسل اور اس شہر کا مستقبل روشن بنانا ہے تو زوہران ممدانی کو کامیاب بنانا ہوگا۔ تقریب میں نوجوان ،مرد و خواتین کے ساتھ بچے بھی شریک تھے، شرکاء سے خطاب میں اپنا کمیونٹی سینٹر کی سی ای او ارم حنیف کا کہنا تھا کہ اس وقت ایمیگرینٹ کمیونٹی کو بہت مشکل اورکٹھن وقت کا سامنا ہے، ووٹ سے تبدیلی ممکن ہے ۔ یہ موقع ضائع نہیں ہوناچاہیے۔ زوہران ممدانی کی انتخابی مہم میں ایک لاکھ والنٹیئرز کام کر رہے ہیں۔مقررین کا کہنا تھا کہ مقابلہ سخت ضرور ہے لیکن ممدانی کی مقبولیت کا کوئی مقابلہ نہیں۔پاکستانی کمیونٹی نے زوہران ممدانی کی حمایت میں مختلف مقامات پر تقریبات اور ریلی منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔