vosa.tv
Voice of South Asia!

 اسرائیل نے 30 فلسطینی قیدیوں کی لاشیں واپس کردیں

0

 اسرائیل نے 30 فلسطینی قیدیوں کی لاشیں غزہ کو واپس کر دی ہیں جن پر تشدد کے واضح نشانات پائے گئے۔

 یہ اقدام جنگ بندی معاہدے کے دوران بین الاقوامی ریڈ کراس کی نگرانی میں کیا گیا، تاہم اسرائیلی فضائی حملے بدستور جاری رہے جن میں جمعے کے روز مزید تین فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔غزہ سٹی کے مشرقی علاقے شجاعیہ میں ایک فلسطینی شہری اسرائیلی فائرنگ سے جاں بحق جبکہ اس کا بھائی زخمی ہوا۔ جبالیا کیمپ میں ایک اور شہری توپ خانے کی گولہ باری سے مارا گیا، اور ایک زخمی شہری بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ وسطی غزہ میں سول ڈیفنس اہلکاروں نے ملبے سے ایک اور لاش برآمد کی۔فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق، اس تازہ اقدام کے بعد اب تک 225 لاشیں واپس کی جا چکی ہیں۔ بیشتر لاشوں پر تشدد، جلے ہوئے جسم، کٹی ہوئی اعضا اور دانتوں کے نہ ہونے کے آثار ملے ہیں۔ ان لاشوں کی شناخت طبی ٹیمیں مقررہ ضابطوں کے مطابق کر رہی ہیں تاکہ لواحقین کو اطلاع دی جا سکے۔یہ تبادلہ اکتوبر کے اوائل میں طے پانے والے قیدیوں کے معاہدے کا حصہ ہے، جس کے تحت حماس نے 20 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جبکہ اسرائیل نے تقریباً 2 ہزار فلسطینی قیدیوں کو چھوڑا۔ اس کے باوجود اسرائیلی افواج جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے متعدد علاقوں میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جن میں اب تک درجنوں فلسطینی، بشمول خواتین اور بچے، جاں بحق ہو چکے ہیں۔دوسری جانب حماس کے مطابق، وہ اب بھی اسرائیلی قیدیوں کی باقی لاشوں کی تلاش میں مصروف ہے۔اسرائیل نے اب تک غزہ کی سرحدیں مکمل طور پر نہیں کھولیں، جس سے اقوام متحدہ کے امدادی ٹرکوں کی رسائی محدود ہو گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.