نیو یارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے شہر میں نوجوانوں کے لیے "یوتھ اپرنٹس” سول سروس کیٹیگری متعارف کروادی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو سرکاری اداروں میں اچھی تنخواہ والی نوکریوں تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ شہر میں نوجوانوں کے لیے ایسی تربیتی راہ بنائی گئی ہے جس کے ذریعے وہ تنخواہ کے ساتھ عملی تربیت، کلاس روم لرننگ، اور پیشہ ورانہ رہنمائی حاصل کریں گے۔ اپرنٹسز کو چھ سال تک مختلف محکموں میں کام کرنے کا موقع ملے گا، جس کے دوران انہیں تنخواہ کے ساتھ فوائد اور سالانہ اضافہ بھی ملے گا۔اس منصوبے کے تحت "NYC Talent”، محکمہ شہری خدمات (DCAS)، اور نیو یارک سٹی پبلک اسکولز نے شراکت کی ہے تاکہ نوجوانوں کو سرکاری خدمات کے لیے درکار عملی مہارتیں فراہم کی جائیں اور سرکاری اداروں کو ایک تربیت یافتہ افرادی قوت میسر ہو۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ "ہمارا شہر باصلاحیت نوجوانوں سے بھرا ہوا ہے جنہیں مواقع کی ضرورت ہے۔ یہ اپرنٹس شپ پروگرام انہیں بہتر روزگار اور شہر کی خدمت کا موقع دے گا۔پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ یہ اقدام 2030 تک 30,000 اپرنٹس شپس فراہم کرنے کے ہدف کے حصول کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔ یہ منصوبہ میئر ایڈمز کی اس وسیع حکمتِ عملی کا تسلسل ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو معاشی استحکام، جدید تربیت، اور شہری خدمات میں شمولیت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ گزشتہ سال تک شہر نے پہلے ہی 15,000 سے زائد اپرنٹس شپس متعارف کیں، جو 2030 کے ہدف کے نصف سے زیادہ ہیں۔ ماہرین کے مطابق، یہ قدم نہ صرف نوجوانوں کے لیے روزگار کے دروازے کھولے گا بلکہ شہر کے سرکاری نظام کو مزید مضبوط بنائے گا۔
 
						 
			 
				