جدہ میں یومِ سیاہ کشمیر کی تقریب، پاکستانی کمیونٹی کا کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی
یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر جدہ میں پاکستان قونصلیٹ جنرل کی جانب سے ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس تقریب کا مقصد کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارت کے زیرِ تسلط کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرنا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل خالد مجید نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہِ رگ ہے اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں پاکستان ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرے اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔اسلامی تعاون تنظیم (OIC) میں پاکستان کے مستقل مندوب فواد احمد شیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر عالمی ضمیر کا امتحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، اور پاکستان ان کے اصولی موقف کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔تقریب میں مقامی انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندے، پاکستانی کمیونٹی کے اراکین اور سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دنیا کو جلد ان کی آواز سننی پڑے گی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے کشمیری شہداء کے لیے دعا کی اور آزادی کشمیر کے لیے یکجہتی کا عزم دہرایا۔