vosa.tv
Voice of South Asia!

جدہ: اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

0

جدہ: سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاکستان بزنس فورم اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے مابین ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔

مفاہمتی یادداشت کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے لیے "ون ونڈو سلوشن” کی فراہمی ہے تاکہ ریئل اسٹیٹ اور کاروباری معاملات میں درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر سردار طاہر محمود اور پاکستان بزنس فورم کے صدر عقیل آرائیں نے معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض انجم اقبال نے انجام دیے۔ تقریب میں بزنس فورم کے اراکین ریاض گھمن، چوہدری امجد اور دیگر معزز شخصیات بھی شریک ہوئیں۔اپنے خطاب میں سردار طاہر محمود نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، اور چیمبر آف کامرس ان کے لیے اسلام آباد میں ایک خصوصی "ون ونڈو پلیٹ فارم” قائم کرے گا، جہاں سرمایہ کاری اور کاروبار سے متعلق تمام امور کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بالخصوص ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔پاکستان بزنس فورم کے صدر عقیل آرائیں نے کہا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے، اور اوورسیز پاکستانیوں کو کاروباری سہولتوں کی فراہمی میں حقیقی بہتری آئے گی۔ تقریب کے اختتام پر چوہدری ریاض گھمن نے شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.