وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم اور میزبان پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
تقریب کے دوران وزیراعظم نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا اور ان کا تعارف کرایا گیا۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ماضی کی طرح شاندار کھیل پیش کرے گی۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ظاہر کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے ساتھ پاکستان کے مختلف سطحوں پر شاندار تعلقات ہیں، جن میں کرکٹ بھی ایک اہم رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاری سیریز دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی عکاس ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ نے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی پیدا کیے ہیں جبکہ پاکستانی کرکٹرز نے بھی اپنی صلاحیتوں سے ملک و قوم کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ یہ مختلف قوموں کے عوام کو جوڑنے کا ذریعہ بھی ہے۔