نیویارک: دیوالی کا شاندار جشن، کمیونٹی ہیروز کے اعزاز میں یادگار ایونٹ
نیویارک سٹی کے کریکشن ڈیپارٹمنٹ کی دیسی سوسائٹی کے زیرِ اہتمام دیوالی کا جشن منایا گیا۔بچوں اور بڑوں کی پرفامنس کی تقریب کی رونق بڑھادی۔ مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی پر کمیونٹی شخصیات کو ایوارڈزسے نوازا گیا۔
نیویارک کی شہری حکومت کے ڈیپارٹمنٹ آف کریکشن کی دیسی سوسائٹی اور لائیو آن این وائے کے زیر اہتمام کوئنز کے علاقے فریش میڈوزمیں گجراتی سماج ہندو کمیونٹی سینٹر میں کمیونٹیز ہیروز الیومینٹانگ لائیوز کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں دیوالی کا جشن منایا گیا۔ تقریب کےآغاز پر امریکا اور بھارت کے قومی ترانے بجائے گئے۔ دیوالی کی مناسبت سے خصوصی پوجا بھی کی گئی اور بھجن بھی گائے گئے ۔نیویارک سٹی کےکریکشن ڈیپارٹمنٹ کی ڈاکٹر مریم سنگھ نےمہمانوں کا استقبال کیا،ان کا کہنا تھا کہ دیوالی امن اور محبت کا پیغام ہے۔ ہم کمیونٹیز کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کا فروغ چاہتے ہیں۔ تقریب میں کمیونٹی افراد سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے امریکی آفیشلز نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر کوئنز سے منتخب اسمبلی ممبر جینیفر راجکمار نے کہا کہ سال دو ہزار تئیس میں ہم نے وعدہ کیا تھا کہ دیوالی کے دن عام تعطیل کو یقینی بنایا جائے گا، اور آج ہمیں خوشی ہے کہ ہم اس وعدے کو پورا کرنے میں کامیاب ہوئے۔تقریب میں شریک بچوں نے دیوالی کے تہوار کی تاریخ اور روایات پر روشنی ڈالی اور اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا جبکہ مقامی گلوکاروں نے نغمے گائے جس سے دیوالی کی خوشیوں کا لطف دوبالا ہوگیا۔اس موقع پر ڈیپارٹمنٹ آف کریکشن کے عہدیداران اور دیگر امریکی آفیشلز نے ہندو کمیونٹی کو دیوالی کی مبارکباد دی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ نیویارک شہر میں مختلف مذہب، و قومیت اور رنگ ونسل کے افراد مقیم ہیں اور سب ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک بھی ہوتے ہیں۔تقریب کے اختتام سے قبل اسمبلی وومن نے دیسی سوسائٹی کو سائٹیشن پیش کی جبکہ ایونٹ کی مرکزی تھیم کے تحت کمیونٹی کے ان افراد کو اعزازات سے نوازا گیا جنہوں نے اپنی خدمات اور کردار کے ذریعے کمیونٹی میں مثبت تبدیلی اور روشنی پھیلائی۔ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا سمیت دیگر نمایاں افراد شامل تھے۔