اوکلینڈ: امریکی امیگریشن ایجنٹس کو اوکلینڈ اور الیمیڈا کے درمیان واقع تاریخی کوسٹ گارڈ آئی لینڈ کی جانب روانہ ہوتے ہوئے شدید عوامی احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ ایجنٹس وفاقی سطح پر غیر قانونی تارکین وطن کی تلاش اور نگرانی میں معاونت کے لیے پہنچے تھے۔ امریکی کوسٹ گارڈ، کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (CBP)، اور امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) سب محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے ماتحت ادارے ہیں۔کوسٹ گارڈ کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ حکومت "مشترکہ حکمتِ عملی” کے تحت اپنے اختیارات اور وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے تاکہ غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے والوں، منشیات بردار نیٹ ورکس اور ممکنہ دہشت گرد سرگرمیوں کو قبل از وقت روکا جا سکے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بعدازاں کہا کہ انہوں نے سان فرانسسکو میں وفاقی ایجنٹس کے مجوزہ اضافے کا منصوبہ فی الحال روک دیا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ آیا نیشنل گارڈ کی تعیناتی منسوخ ہوئی ہے یا CBP کے امیگریشن اقدامات ملتوی کیے گئے ہیں۔