نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے شہر کے پہلے بلدیاتی چائلڈ کیئر پائلٹ پروگرام کا آغاز کردیا ہے۔ جو ڈیپارٹمنٹ آف سٹی وائیڈ ایڈمنسٹریٹو سروسز (DCAS) کے ملازمین کے لیے بنایا گیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت چھ ہفتے کے نوزائیدہ بچوں سے لے کر پری اسکول عمر کے بچوں تک کے لیے آن سائٹ چائلڈ کیئر فراہم کی جائے گی۔ یہ پروگرام دس ملین ڈالر کی لاگت سے ڈیویڈ این ڈنکنز میونسپل بلڈنگ کے نارتھ ٹاور میں قائم کیا جائے گا، جس میں چالیس بچوں کی گنجائش ہوگی۔میئر ایڈمز نے کہا کہ "نیو یارک سٹی کو شہریوں کے لیے بہترین شہر بنانے کا مطلب ہے کہ والدین کو بچوں کی دیکھ بھال کے اخراجات کے خوف سے آزاد کیا جائے۔” انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے سرکاری ملازمین کو مالی ریلیف اور ذہنی سکون حاصل ہوگا۔ڈی سی اے ایس کمشنر لوئس اے مولینا کے مطابق یہ صرف خاندانی سہولت نہیں بلکہ ایک ورک فورس اقدام بھی ہے جو ملازمین کے معیارِ زندگی اور پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دے گا۔ منصوبہ 2026 کے موسمِ بہار تک مکمل کیا جائے گا، اور اس کے نتائج کی بنیاد پر اسے شہر کے دیگر مقامات تک بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔میئر ایڈمز کی انتظامیہ گزشتہ تین سال سے خاندانوں کے لیے شہر کو زیادہ قابلِ برداشت بنانے پر کام کر رہی ہے، جس میں 3-K پروگرام، چائلڈ کیئر سبسڈی اور فیملی سپورٹ اقدامات شامل ہیں۔