vosa.tv
Voice of South Asia!

اس موسمِ خزاں میں صحت مند ترین کام جو آپ کر سکتے ہیں!

0

نیو یارک سٹی کے محکمہ صحت کی قائم مقام کمشنر ڈاکٹر مورِس مشیل نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ موسمِ خزاں اور سرما میں صحت مند رہنا بظاہر مشکل لگ سکتا ہے، مگر درست معلومات اور بروقت اقدامات سے بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی سطح پر مختلف بیانات نے والدین میں الجھن پیدا کی ہے کہ آیا انہیں یا ان کے بچوں کو فلو، کووِڈ-19 اور سانس کے وائرس (RSV) کی ویکسین لگوانی چاہیے یا نہیں۔

ڈاکٹر مشیل کے مطابق یہ تینوں وائرس کووِڈ-19، فلو، اور RSV سنگین بیماریوں اور حتیٰ کہ موت کا سبب بن سکتے ہیں۔ گزشتہ سال فلو کے باعث بچوں کی اموات کی تعداد گزشتہ 15 سالوں میں سب سے زیادہ رہی، جن میں سے تقریباً 89 فیصد نے فلو ویکسین نہیں لگوائی تھی۔

محکمہ صحت کی ہدایت: ویکسین ہی بہترین تحفظ

محکمہ صحت کے مطابق اس موسم میں سب سے اہم حفاظتی قدم ویکسین لگوانا ہے۔ کووِڈ-19، فلو اور RSV کے لیے منظور شدہ ویکسینز محفوظ اور مؤثر ہیں۔ یہ شدید بیماری موت کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کرتی ہیں۔شہری ایک ہی وقت میں فلو اور کووِڈ-19 دونوں ویکسین لگوا سکتے ہیں، اور اگر اہل ہوں تو RSV ویکسین بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

کن افراد کو زیادہ خطرہ ہے؟

یہ وائرس عام طور پر ان قطروں کے ذریعے پھیلتے ہیں جو کسی متاثرہ شخص کے کھانسنے، چھینکنے یا بات کرنے پر فضا میں شامل ہو جاتی ہیں۔ماہرین کے مطابق بڑی عمر کے افراد، شیرخوار بچے، اور دل یا پھیپھڑوں کی بیماری یا ذیابیطس میں مبتلا افراد ان بیماریوں سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔چھ ماہ اور اس سے زائد عمر کے تمام افراد کے لیے 2025–26 کی اپڈیٹڈ کووِڈ-19 اور فلو ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

RSV ویکسین کے لیے مخصوص ہدایات

ڈاکٹر مشیل نے وضاحت کی کہ 75 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو RSV ویکسین ضرور لگوانی چاہیے۔جبکہ 60 سے 74 سال کے وہ بالغ جو کسی دائمی بیماری میں مبتلا ہیں، وہ بھی اس ویکسین کے اہل ہیں۔حاملہ خواتین کے لیے بھی RSV ویکسین کی سفارش کی گئی ہے تاکہ ان کے نوزائیدہ بچوں کو پہلے موسمِ سرما میں تحفظ حاصل ہو سکے۔

اگر آپ یا آپ کا بچہ بیمار ہو جائے؟

محکمہ صحت کے مطابق اگر آپ یا آپ کے گھر کا کوئی فرد بیمار ہو تو گھر پر رہیں، دوسروں سے فاصلہ رکھیں، اچھی ہوا داری برقرار رکھیں، اور ماسک پہنیں۔کووِڈ-19 اور فلو کے علاج کے لیے اینٹی وائرل دوائیں دستیاب ہیں جو بیماری کے امکانات کو کم کرتی ہیں۔اگر ٹیسٹ مثبت آئے تو فوری طور پر اپنے معالج سے مشورہ کریں۔

والدین کے لیے خصوصی ہدایات!

اگر بچے میں پانی کی کمی، تین دن سے زیادہ بخار، سانس لینے میں دشواری، یا غیر معمولی غنودگی ظاہر ہو تو فوراً ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔شدید علامات کی صورت میں فوراً 911 پر کال کریں یا قریبی اسپتال جائیں۔

فوری مدد کہاں سے حاصل کریں!

اگر آپ کے پاس ذاتی معالج نہیں ہے تو قریبی ارجنٹ کیئر سینٹر جائیں یا NYC Health + Hospitals کے ورچوئل پلیٹ فارم ExpressCare سے رابطہ کریں۔یہ سروس 200 سے زائد زبانوں میں 24 گھنٹے مفت یا کم لاگت دیکھ بھال فراہم کرتی ہے۔

ہر نیویارکر کے لیے علاج تک رسائی

نیویارک سٹی انتظامیہ کے مطابق، ادائیگی، دستاویزات یا رہائشی حیثیت کسی کے لیے بھی صحت کی سہولیات میں رکاوٹ نہیں ہیں۔ہر شہری کو ویکسین اور علاج تک رسائی حاصل ہے تاکہ نیویارک ایک محفوظ، صحت مند اور مضبوط شہر بن سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.