سعودی عرب کے شہر الجبیل میں گلوبل سپورٹس کمیونٹی کی جانب سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں عہدیداروں اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر کمیونٹی کے صدر معاذ منیر نے کہا کہ ہمارا مقصد سعودی عرب میں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے کام کرنا اور کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز سے پیش کر سکیں۔معاذ منیر نے بتایا کہ الجبیل میں گلوبل سپورٹس کمیونٹی سعودی کرکٹ فیڈریشن کی منظور شدہ اکیڈمی ہے، جو کسی بیرونی فنڈ یا سپورٹ کے بغیر مختلف کھیلوں کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ تنظیم "معاذ سپورٹس کمیونٹی” کے نام سے کام کر رہی تھی، تاہم اب اسے "گلوبل سپورٹس اکیڈمی” کا نام دیا گیا ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر اس کا دائرہ وسیع کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں نہ صرف پاکستانی بلکہ دیگر ممالک کے نوجوان بھی مختلف کھیلوں میں دلچسپی لیتے ہیں، اسی لیے اکیڈمی کا مقصد کرکٹ، ہاکی اور دیگر کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔ اس موقع پر موجود کھلاڑیوں نے بتایا کہ گلوبل سپورٹس کمیونٹی کی بدولت انہیں فری سہولیات حاصل ہیں جس سے ان کی کارکردگی اور فٹنس میں نمایاں بہتری آئی ہے۔