شکاگو میں اسلامی تنظیموں کی کونسل کی 33 ویں سالگرہ
شکاگو — کونسل آف اسلامک آرگنائزیشنز آف گریٹر شکاگو (CIOGC) نے اپنی 33 ویں سالگرہ کے موقع پر ڈری لین اوک بروک ٹیرس میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں مختلف اسلامی تنظیموں، حکومتی نمائندوں اور سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔
تقریب کا مقصد مسلم کمیونٹی کے اتحاد، باہمی تعاون اور تعصب کے خاتمے کے لیے کوششوں کو اجاگر کرنا تھا۔کونسل گزشتہ تین دہائیوں سے شکاگو اور ریاست الینوائے میں مسلم برادری کو متحد کرنے، فلاحی منصوبوں کو فروغ دینے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم ہے۔ تقریب میں چیئرمین ڈاکٹر عبدالغنی حمادیہ نے تنظیم کی کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "ہماری جدوجہد کمیونٹی کی تعمیر اور دیرپا تبدیلی کے لیے ہے۔”ایونٹ میں کانگریس وومن رابن کیلی، سینیٹر کرینہ ولا، اور ریاستی نمائندے عبدالناصر رشید سمیت متعدد سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔ CIOGC نے تقریب میں ان افراد اور تنظیموں کو ایوارڈز سے نوازا جنہوں نے آزادی، انصاف اور یکجہتی کے جذبے کو اجاگر کیا۔ ماریہ مظفر اور ڈاکٹر مصطفیٰ خطاب کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔کونسل 70 سے زائد مساجد، اسلامی اسکولوں اور تنظیموں پر مشتمل ایک وسیع اتحاد ہے جو تقریباً چار لاکھ مسلم امریکیوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس سال تقریب کا تھیم "اب پہلے سے زیادہ، ایک ساتھ کھڑے ہو جاؤ” رکھا گیا، جس نے مسلم کمیونٹی کے عزم اور اتحاد کے پیغام کو مزید مضبوط کیا۔