
نیویارک سٹی کے علاقے چائنا ٹاؤن میں فیڈرل ایجنسیوں کی مشترکہ کارروائی کے دوران غیر قانونی وینڈرز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا گیا جس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔
منگل کی شب امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کی زیر قیادت ہونے والے اس چھاپے میں ہوم لینڈ سیکیورٹی، ڈی ای اے، ایف بی آئی اور دیگر وفاقی اداروں کے اہلکار شامل تھے۔ کینال اسٹریٹ پر واقع مارکیٹوں میں جعلی برانڈڈ سامان فروخت کرنے والے وینڈرز کو پکڑنے کے لیے کارروائی کی گئی۔ متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ کچھ فرار ہوگئے۔ کارروائی کے دوران شہریوں اور ایجنٹس کے درمیان دھکم پیل اور نعرے بازی بھی ہوئی۔ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی جعلی سامان کی فروخت سے متعلق مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تھا۔ دوسری جانب نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) اور میئر ایرک ایڈمز نے واضح کیا کہ اس کارروائی میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا۔ ایڈمز نے کہا کہ شہر کی پالیسی کے مطابق نیویارک غیر دستاویزی تارکین وطن کے خلاف وفاقی سول کارروائیوں میں تعاون نہیں کرتا۔ واقعے کے بعد نیویارک سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے۔ لاس اینجلس میں بھی اسی نوعیت کی ایک کارروائی کے دوران فائرنگ سے ایک امریکی مارشل اور ایک مشتبہ غیر قانونی تارک وطن زخمی ہوا۔