vosa.tv
Voice of South Asia!

 نیو یارک سٹی کا وفاقی حکومت کے خلاف مقدمہ

0

 نیو یارک سٹی نے ملک کے نو مقامی حکومتوں پر مشتمل قومی اتحاد کے ساتھ مل کر امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (DHS) اور فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (FEMA) کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔

مقدمے میں وفاقی حکومت کی جانب سے غیر قانونی شرائط کے نفاذ کو چیلنج کیا گیا ہے۔ یہ شرائط 100 ملین ڈالر سے زائد کی ان گرانٹس پر لاگو کی گئی ہیں جو دہشت گردی کے خلاف اقدامات، ہنگامی تیاری، اور عوامی تحفظ کے پروگراموں کے لیے فراہم کی جاتی ہیں۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ان فنڈز کی معطلی سے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) کی جوہری یا ریڈیولوجیکل حملوں سے دفاع کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ ٹرانزٹ سسٹم کی سیکورٹی، ایکٹیو شوٹر تربیت، اور خصوصی ٹیموں کی تعیناتی جیسے پروگرام بھی خطرے میں پڑ جائیں گے۔ میئر ایریک ایڈمز نے کہا کہ عوامی تحفظ ہمیشہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے اور فنڈز کی کمی سے شہر پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔ نیویارک کے کارپوریشن کونسل موریل گوڈ ٹروفانٹ کے مطابق، دہشت گردی سے بچاؤ کے لیے فنڈز ختم ہونا وفاقی قانون اور کانگریس کی منشا کے منافی ہے۔ گزشتہ تین مالی سالوں میں نیویارک سٹی کو تقریباً 150 ملین ڈالر کے فنڈز موصول ہوئے، مگر مالی سال 2025 میں DHS نے نئی شرائط شامل کر دیں۔ جن کے تحت گرانٹ حاصل کرنے والے اداروں کو یہ تصدیق کرنا ہوگی کہ وہ “تنوع، برابری، شمولیت اور رسائی” کو فروغ دینے والے پروگرام نہیں چلا رہے، اور انہیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تمام ایگزیکٹو آرڈرز پر عمل کرنا ہوگا۔ مقدمے کے مطابق یہ شرائط غیر آئینی ہیں اور اختیارات سے تجاوز کے مترادف ہیں، کیونکہ ایگزیکٹو برانچ کانگریس کی منظوری کے بغیر گرانٹ کے قواعد نہیں بدل سکتی۔ یہ مقدمہ ریاست الینوائے کی نادرن ڈسٹرکٹ کورٹ میں شکاگو سٹی کی قیادت میں دائر کیا گیا، جس میں نیویارک، ڈینور، نیو ہیون، بالٹی مور، بوسٹن، منی ایپلس، سینٹ پال اور ریمزی کاؤنٹی شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.