اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس میں دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امن، ہم آہنگی اور برداشت کی سرزمین ہے، یہاں نفرت، فتنہ فساد، انتشار اور دہشت گردی کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں نے قیام پاکستان سے دفاعِ وطن تک ہر موقع پر قابل فخر کردار ادا کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریات کے مطابق پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے، اور حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی کی منظوری دے دی ہے جبکہ قومی اقلیتی کمیشن بل بھی پارلیمنٹ سے منظور ہو چکا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اقلیتی طلبہ کو پرائمری سے یونیورسٹی سطح تک وظائف دیے جا رہے ہیں اور سرکاری ملازمتوں میں ان کے لیے پانچ فیصد کوٹہ مختص ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پوری قوم دہشت گردی اور نفرت کے اندھیروں کو مٹانے کے لیے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ تقریب کے اختتام پر وزیر اعظم نے ہندو برادری کے ہمراہ دیوالی کا کیک کاٹا جبکہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔