vosa.tv
Voice of South Asia!

 امریکا: غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 لاکھ 80 ہزار گرفتار

0

 امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے بتایا ہے کہ جنوری سے اب تک ملک بھر میں 4 لاکھ 80 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

 انہوں نے فلوریڈا میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ گرفتار شدگان میں ستر فیصد ایسے افراد شامل ہیں جن پر فوجداری الزامات ہیں یا وہ ان جرائم میں سزا یافتہ ہیں۔ نوم کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی دوسری مدتِ صدارت کے دوران امیگریشن قوانین کے نفاذ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ایسے غیر قانونی افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو مجرمانہ پس منظر رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم ملک بھر میں کمیونٹیز کو محفوظ بنا رہے ہیں تاکہ شہری آزادی اور خوشحالی کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔‘‘ گزشتہ ماہ محکمے نے اعلان کیا تھا کہ بیس جنوری سے اب تک دو ملین غیر قانونی تارکین وطن امریکہ چھوڑ چکے ہیں، جن میں سولہ لاکھ نے خود ملک چھوڑا جبکہ چار لاکھ کو باضابطہ طور پر ڈی پورٹ کیا گیا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایف بی آئی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ جنوری سے اب تک اٹھائیس ہزار سے زائد خطرناک مجرموں کو گرفتار، چھ ہزار غیر قانونی ہتھیار ضبط، سترہ سو بچوں کے جرائم میں ملوث افراد اور تین سو انسانی اسمگلرز کو پکڑا گیا جبکہ پانچ ہزار بچوں کو بازیاب کرایا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.