سان فرانسسکو کی فیڈرل اپیلز کورٹ نے فیصلہ سنایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ریاست اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ میں نیشنل گارڈ کے دستے تعینات کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
عدالت نے محکمہ انصاف کی اُس درخواست کو منظور کرلیا جس میں عدالت کے اس حکم کو معطل کرنے کی استدعا کی گئی تھی جو ٹرمپ کی جانب سے فوجی تعیناتی پر عارضی پابندی لگاتا تھا۔اس فیصلے کے بعد تقریباً دو سو نیشنل گارڈ اہلکاروں کی تعیناتی ممکن ہوگئی ہے، جو وفاقی عمارتوں کی حفاظت کے لیے تعینات کیے جائیں گے۔ تاہم ریاستی اور مقامی حکام نے اس اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں۔پورٹ لینڈ اُن کئی ڈیموکریٹ اکثریتی شہروں میں سے ایک ہے جہاں ٹرمپ نے جرائم پر قابو پانے کے نام پر نیشنل گارڈ تعینات کرنے کے احکامات دیے ہیں، جن میں واشنگٹن ڈی سی اور لاس اینجلس بھی شامل ہیں۔یہ فیصلہ نویں سرکٹ کورٹ آف اپیلز کے تین رکنی بینچ نے سنایا، جس کے دو جج ٹرمپ کی نامزدگی سے تعینات ہوئے تھے، جبکہ ایک جج جو سابق صدر بل کلنٹن کے نامزد کردہ تھے، اس فیصلے سے اختلاف رکھتے ہیں۔ عدالت نے ٹرمپ کے ساٹھ روزہ منصوبے کو ’’موزوں اقدام‘‘ قرار دیا۔اس سے قبل ڈسٹرکٹ کورٹ کی جج کیرن ایمرگوٹ نے ٹرمپ کی جانب سے اوریگون نیشنل گارڈ کے استعمال پر پابندی لگائی تھی اور بعد ازاں ٹیکساس کے نیشنل گارڈ یونٹس تعینات کرنے کی کوشش کو بھی روک دیا تھا۔