vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی روزگار کے امکانات پر غیر یقینی میں اضافہ، سروے

0

حالیہ سروے کے مطابق 47 فیصد امریکی شہریوں کو اچھی ملازمت کے ملنے کے امکانات پر غیر یقینی میں اضافہ ہوا ہے۔ 

ایسوسی ایٹڈ پریس اور NORC سینٹر کے تازہ سروے کے مطابق، امریکی عوام میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں اچھی ملازمت حاصل کرنے کے امکانات کے بارے میں اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 47 فیصد امریکی بالغ افراد نے کہا کہ وہ اس بات پر ’’زیادہ یا بالکل پُراعتماد نہیں‘‘ کہ اگر چاہیں تو اچھی نوکری حاصل کرسکتے ہیں، جب کہ 2023 میں یہ شرح 37 فیصد تھی۔سروے میں بتایا گیا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی، رہائش، صحت کی سہولیات اور روزمرہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ امریکی عوام کے لیے شدید مالی دباؤ کا باعث بن رہا ہے۔ 36 فیصد افراد نے بجلی کے بلوں کو ’’بڑی مالی پریشانی‘‘ قرار دیا، جب کہ نصف سے زائد نے بتایا کہ خوراک کے اخراجات ان کے لیے سب سے بڑا مسئلہ ہیں۔اقتصادی ماہرین کے مطابق صدر ٹرمپ کی جانب سے عائد کردہ نئے ٹیرف، سرکاری ملازمین کی برطرفیوں اور حکومتی تعطل نے معاشی غیر یقینی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ سروے میں صرف 36 فیصد عوام نے ٹرمپ کی معاشی کارکردگی کو سراہا، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں تقریباً وہی شرح ہے۔امریکی عوام کی اکثریت  68 فیصد  نے معیشت کو ’’کمزور‘‘ قرار دیا، جب کہ صرف 12 فیصد نے کہا کہ ان کی گھریلو مالی حالت بہتر ہو رہی ہے۔ 52 فیصد افراد کو یقین نہیں کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ کے لیے کافی بچت کر سکیں گے، جب کہ 63 فیصد نے کہا کہ موجودہ حالات میں گھر خریدنا ان کے لیے ممکن نہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور کمزور ملازمتوں کی فراہمی نے درمیانے طبقے کے استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے، اور امریکی عوام اب بھی محسوس کر رہے ہیں کہ معاشی بحالی ان کی پہنچ سے باہر ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.