نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کا وفد اپنے مقتول ساتھی ڈیٹیکٹیو رانڈولف ہولڈر کی دسویں برسی میں شرکت کے لیے گیانا پہنچ گیا ہے۔ گیانہ پولیس نے نیویارک پولیس کے وفد کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔
دس سال قبل دوران ڈیوٹی فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہوئے اپنے ساتھی ڈیٹیکٹیو رانڈولف ہولڈر کی میموریل سروس میں شرکت کے لیے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے افسران پر مشتمل100 رکنی وفد کا گایانا پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ گیانہ کے دار الحکومت جیورج ٹاون کی پولیس نے این وائے پی ڈی افسران کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔ گیانا پولیس کے کمشنر کلفٹن ہائیکن نے نیویارک پولیس کے افسران کو خوش آمدید کہا اور خیر مقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک دوسرے کی صلاحیتوں کو سمجھنے کا بہترین موقع ہے۔ این وائے پی ڈی کے مقتول ڈیٹیکٹیو رانڈولف ہولڈر کے والد بھی اس تقریب میں شریک تھے ، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب میرے بیٹے کے مہمان ہیں اور مجھے بہت فخر ہے کہ میرے بیٹے نے اپنی جان کی قربانی دے کر فرض نبھایا۔ اس موقع پر نیویارک پولیس کے انسپکٹر عدیل رانا کا کہنا تھا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ ایک فیملی کی طرح ہے ، کسی بھی فرد کی خوشی اور غم سب کے لیے یکساں اہمیت رکھتا ہے۔ عشائیے میں گیانہ اور نیویارک پولیس کے افسران نے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔این وائے پی ڈی اور گیانہ پولیس کے درمیان کرکٹ میچ بھی کھیلا جائے گا۔ پولیس افسران کا کہنا تھا کہ کسی بھی شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس اور کمیونٹی کے درمیان مضبوط تعلق ہونا بہت ضروری ہے۔ ڈیٹیکٹیو رانڈولف ہولڈر کی میموریل سروس 20 اکتوبر برو ز پیر کو منائی جائے گی۔