ریاض میں سیرت النبیؐ کانفرنس، اسوہ حسنہ پر عمل کی تلقین
ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں انجمن محبان رحمت اللعالمین کی جانب سے سیرت النبیؐ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفارت خانہ پاکستان کے افسران، علما کرام اور پاکستانی کمیونٹی کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
اس روحانی اجتماع کی صدارت مکتبہ دارالسلام کے ڈائریکٹر مولانا عبدالملک مجاہد نے کی، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دیا ہوا دین محبت، اخوت اور باہمی رواداری کا پیغام دیتا ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہی معاشرے سے برائیاں ختم کی جا سکتی ہیں۔مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے ہمیں خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت میں پیدا فرمایا۔ انہوں نے زور دیا کہ نبی کریمؐ کی سیرت پر عمل ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا راستہ ہے۔ کانفرنس سے سفارت خانہ پاکستان کے ویلفیئر اتاشی رائے نجم نواز ثاقب، پریس قونصلر حسیب سلطان، ڈاکٹر اویس محمود، حافظ عمران، سید تاج، عمر فاروق کیلانی، سلمان راشد اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔