جدہ میں خواتین میں چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے لیے سیمینار کا انعقاد
جدہ: پاکستان انٹرنیشنل اسکول عزیزیہ جدہ میں خواتین میں چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے سلسلے میں ایک اہم سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی بیگم قونصل جنرل جدہ خالد مجید تھیں، جبکہ اسکول کے پرنسپل عتیق الرحمن، معروف پاکستانی ڈاکٹر ارشد اللہ خان اور دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے۔اس موقع پر پرنسپل عتیق الرحمن نے کہا کہ کسی ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے، کیونکہ صحت مند ماں ہی صحت مند خاندان کی ضمانت ہوتی ہے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر ارشد اللہ خان نے کہا کہ چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی اس بیماری کے خلاف جنگ میں ایک مؤثر ہتھیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہر آٹھ میں سے ایک خاتون چھاتی کے کینسر میں مبتلا ہوتی ہے، جو جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ شرح ہے۔ ان کے مطابق عوامی آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج ہی اس بیماری کے خلاف اصل دفاعی ڈھال ہیں۔ڈاکٹر ارشد اللہ خان نے مشورہ دیا کہ چالیس سال سے زائد عمر کی خواتین کو چاہیے کہ وہ وقتاً فوقتاً اپنا معائنہ خود کریں، اور اگر چھاتی میں کوئی گھٹلی یا غیر معمولی علامت محسوس ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔شرکاء نے سیمینار کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مفید پروگرام زیادہ سے زیادہ منعقد کیے جانے چاہئیں تاکہ خواتین کو بیماری سے بچاؤ اور ابتدائی علاج کے بارے میں بہتر آگاہی حاصل ہو۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل عتیق الرحمن نے ڈاکٹر ارشد اللہ خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور انہیں شیلڈ پیش کی۔