
امریکہ کے مشرقی ضلع نیویارک کی فیڈرل عدالت میں کمبوڈیا کے کاروباری گروپ ’’پرنس ہولڈنگ گروپ‘‘ کے چیئرمین اور بانی چن ژی، المعروف ونسنٹ، پر وائر فراڈ اور منی لانڈرنگ کی سازش کے الزامات میں فردِ جرم عائد کردی گئی ہے۔
چن ژی پر الزام ہے کہ وہ کمبوڈیا میں جبری مشقت پر مبنی کرپٹوکرنسی فراڈ کمپاؤنڈز چلا رہا تھا، جہاں سینکڑوں افراد کو زبردستی کرپٹو سرمایہ کاری اسکیموں، جنہیں ’’پگ بچرنگ‘‘ کہا جاتا ہے، کے ذریعے عالمی سطح پر اربوں ڈالر کے فراڈ میں استعمال کیا گیا۔ ملزم تاحال مفرور ہے۔محکمہ انصاف نے تقریباً 1,27,271 بٹ کوائنز پر مشتمل 15 ارب ڈالر مالیت کے اثاثے ضبط کیے ہیں جو ان اسکیموں کے ذریعے حاصل کیے گئے تھے۔ امریکی اٹارنی جنرل پاملا بانڈی نے کہا کہ یہ کارروائی انسانی اسمگلنگ اور آن لائن مالی فراڈ کے خلاف ایک تاریخی قدم ہے۔ ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل کے مطابق ملزم نے کئی ممالک میں پھیلا ہوا ایک مجرمانہ نیٹ ورک چلایا جو جبری مشقت، منی لانڈرنگ اور دھوکے سے سرمایہ کاری کے ذریعے لاکھوں افراد کو نشانہ بنا رہا تھا۔عدالتی دستاویزات کے مطابق 2015 سے چن ژی نے پرنس گروپ کو بظاہر ایک قانونی کاروباری ادارے کے طور پر پیش کیا، مگر درپردہ اسے ایشیا کے سب سے بڑے ٹرانس نیشنل جرائم پیشہ نیٹ ورکس میں تبدیل کردیا۔ گروپ کے کیمپوں میں قیدیوں جیسے حالات میں مزدوروں کو رکھا جاتا تھا، جنہیں تشدد کے ذریعے آن لائن دھوکے بازی پر مجبور کیا جاتا تھا۔تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ نیویارک کے بروکلین میں بھی پرنس گروپ کا نیٹ ورک سرگرم تھا، جو امریکا بھر میں 250 سے زائد متاثرین کے فراڈ شدہ لاکھوں ڈالر منی لانڈرنگ کے ذریعے منتقل کرتا تھا۔ ملزم نے ان غیر قانونی منافعوں سے قیمتی گھڑیاں، نجی جہاز، چھٹیاں گزارنے کے گھر اور نیویارک میں پکاسو کی ایک نایاب پینٹنگ خریدی۔محکمہ خزانہ اور برطانیہ نے بھی چن ژی اور اس سے منسلک کمپنیوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔ اگر جرم ثابت ہوگیا تو چن ژی کو 40 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ ایف بی آئی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس چن ژی یا پرنس گروپ کے حوالے سے معلومات ہیں تو وہ رابطہ کریں۔