
نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے نئے والدین کے لیے زندگی کو زیادہ سہل اور سستا بنانے کے دو بڑے پروگرامز متعارف کروادیے ہیں۔
ان پروگرامز میں ’’کریٹنگ رئیل امپیکٹ ایٹ برتھ‘‘ یعنی سی آر آئی بی (CRIB) پروگرام اور این وائی سی بیبی باکسز شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد غربت اور بے گھر ہونے کے خطرات کو کم کرنا اور شہر میں نوزائیدہ بچوں کے لیے محفوظ آغاز فراہم کرنا ہے۔میئر ایڈمز نے بتایا کہ 2024 کے مالی سال میں دو ہزار سے زائد بچے نیویارک کے شیلٹرز میں پیدا ہوئے، جنہیں محفوظ گھروں میں منتقل کرنے کے لیے حکومت نے 8.5 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے "سی آر آئی بی” پروگرام شروع کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 300 حاملہ خواتین کو ہاؤسنگ سبسڈی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ بچے کی پیدائش سے پہلے مستقل رہائش حاصل کرسکیں۔ یہ پروگرام بے گھر ہونے کے خطرے سے دوچار خواتین کو کرائے کی امداد (CityFHEPS) یا "پاتھ وے ہوم” کے ذریعے فوری طور پر محفوظ رہائش فراہم کرے گا۔اسی دوران میئر ایڈمز نے این وائی سی بیبی باکسز پروگرام کا بھی آغاز کیا جس کے تحت چار عوامی اسپتالوں جیکوبی، لنکن، کنگز کاؤنٹی اور المہرست — میں پیدا ہونے والے تقریباً سات ہزار بچوں کے والدین کو مفت بیبی باکسز فراہم کیے جائیں گے۔ ان باکسز میں ڈائپر، کپڑے، بچوں کی نگہداشت کی اشیاء، گائیڈز اور معلوماتی مواد شامل ہوں گے تاکہ والدین کو ابتدائی دنوں میں مدد مل سکے۔میئر ایڈمز نے کہا کہ “کوئی بچہ شیلٹر میں پیدا نہیں ہونا چاہیے۔ ہمارا فرض ہے کہ ماؤں اور بچوں کو محفوظ اور باوقار زندگی فراہم کی جائے۔” محکمہ سماجی خدمات کی کمشنر مولی واساؤ پارک نے کہا کہ ’’سی آر آئی بی‘‘ ایک انقلابی پروگرام ہے جو حاملہ خواتین کو گھر کی سہولت فراہم کرکے انہیں نئی زندگی کا بہتر آغاز دینے میں مدد کرے گا۔