ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ (APPNA) نے قومی صحت کی دیکھ بھال کا دن منایا
شکاگو (رپورٹ سید خلیل اللہ)ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ (APPNA) نے اتوار، 12 اکتوبر 2025 کو امریکہ بھر میں قومی صحت کی دیکھ بھال کا دن منایا۔
جس کا مقصد عوام کو مفت طبی سہولیات اور صحت سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ یہ تقریب نیشنل ہیلتھ کیئر ڈے کمیٹی کی زیرِ نگرانی ہوئی جس کی صدارت ڈاکٹر عامرہ رحمان کر رہی تھیں۔شکاگو کے مضافاتی علاقے ورنن ہلز میں شالوم عبادت گاہ میں ہونے والے اس پروگرام کی میزبانی (APPNA) اور شالوم سیناگوگ نے مشترکہ طور پر کی، جو دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہی۔ تقریب میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں، نرسوں اور رضاکاروں نے شرکت کی جنہوں نے مقامی کمیونٹی کے 150 سے زائد افراد کو مفت صحت کی اسکریننگ، بلڈ پریشر چیک، شوگر ٹیسٹ، فلو شاٹس، جگر اور گردوں کے فنکشن ٹیسٹ سمیت متعدد سہولیات فراہم کیں۔ڈاکٹر عامرہ رحمان نے کہا کہ (APPNA) ایک ہی وقت میں امریکہ کی 32 ریاستوں میں ایسے ہی پروگرامز منعقد کر رہی ہے تاکہ ہر شخص، خواہ اس کی نسل، جنس یا انشورنس کی حیثیت کچھ بھی ہو، مفت طبی سہولت حاصل کر سکے۔(APPNA) کی صدر ڈاکٹر حمیرا احمد قمر نے فلوریڈا سے آن لائن خطاب میں 32 ریاستوں میں جاری اس مہم کی تفصیلات بتائیں، جبکہ سال 2026 کے لیے منتخب صدر ڈاکٹر آفتاب خان نے ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ربی ایری مارگولیس نے کہا کہ عبادت گاہ عوام کے لیے کھلی ہے اور یہ ایونٹ کمیونٹی کو صحت، رابطے اور تندرستی کے پیغام کے ساتھ متحد کرنے کی ایک کامیاب کوشش ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر شہزاد خازی، نورین مرزا، ڈاکٹر نوزینہ آفتاب، ڈاکٹر مہوش صدیق اور دیگر پاکستانی معالجین بھی شریک ہوئے۔