vosa.tv
Voice of South Asia!

امیگریشن کریک ڈاؤن کے باعث شکاگو میراتھن سے قبل بے چینی میں اضافہ

0

شکاگو: امریکی شہر شکاگو میں اس ہفتے کے آخر میں ہونے والی میراتھن دوڑ سے قبل وفاقی حکومت کے امیگریشن کریک ڈاؤن نے تارکین وطن اور مقامی برادریوں میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔

دوڑ میں شرکت کرنے والے متعدد رنرز کا کہنا ہے کہ وہ اپنی شناختی دستاویزات ساتھ رکھ کر دوڑیں گے تاکہ کسی ممکنہ کارروائی کی صورت میں مشکلات سے بچ سکیں۔حالیہ ہفتوں میں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے اہلکار میراتھن کے دوران کارروائیاں کر سکتے ہیں۔ تاہم، ایجنسی کی ترجمان تانیا رومن نے ان خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دعویٰ مضحکہ خیز ہے کہ ICE شکاگو میراتھن کو جان بوجھ کر متاثر کرنے کے لیے کوئی آپریشن کرے گا۔ اس کے باوجود خوف اور غیر یقینی کی فضا برقرار ہے۔اسی دوران، ہوم لینڈ سیکیورٹی سیکریٹری کرسٹی نوم نے اشارہ دیا کہ امیگریشن افسران بڑے عوامی تقریبات میں “ہر جگہ موجود ہوں گے”، جس سے شکاگو کے باسیوں کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ نے شہر میں حالیہ مہینوں کے دوران امیگریشن کارروائیوں میں شدت لائی ہے، کئی علاقوں میں چھاپے مارے گئے ہیں اور احتجاج کرنے والوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔شکاگو میراتھن، جو امریکہ کی سب سے بڑی دوڑوں میں سے ایک ہے، میں گزشتہ سال 52 ہزار سے زائد رنرز نے حصہ لیا تھا، جن میں 15 ہزار سے زائد بین الاقوامی کھلاڑی شامل تھے۔ میکسیکو، برطانیہ، کینیڈا اور برازیل کے رنرز کی بڑی تعداد اس ایونٹ میں شریک رہتی ہے۔ تاہم، اس سال خوف کے باعث مقامی لوگ گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں اور گلیوں میں روایتی جوش و خروش نظر نہیں آئے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.