ٹینیسی: امریکی ریاست ٹینیسی کے علاقے بک سنورٹ میں ایک فوجی بارود تیار کرنے والی فیکٹری میں خوفناک دھماکے سے کم از کم 18 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں جن کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دھماکہ ایکیوریٹ انرجیٹک سسٹمز نامی کمپنی میں ہوا جو امریکی فوج کے لیے بارود اور اسلحہ تیار کرتی ہے۔حکام کے مطابق دھماکے کے اثرات 24 کلومیٹر دور تک محسوس کیے گئے، جب کہ جائے وقوعہ سے کم از کم 800 میٹر کے علاقے میں ملبہ بکھرا ہوا ہے۔ فضائی مناظر میں فیکٹری کی پہاڑی پر قائم عمارت کو مکمل طور پر تباہ دکھایا گیا جہاں صرف جلی ہوئی گاڑیوں کے ڈھانچے اور ملبے کے انبار باقی رہ گئے۔ ہمفریز کاؤنٹی کے شیرف کرس ڈیوس نے اسے اپنی زندگی کے بدترین مناظر میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ کمیونٹی کو اب یکجا ہو کر متاثرہ خاندانوں کا ساتھ دینا چاہیے۔کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق، فیکٹری آٹھ عمارتوں پر مشتمل ہے اور امریکی فوج و بحریہ کے لیے مختلف اقسام کے بارود، لینڈ مائنز اور سی فور دھماکہ خیز مواد تیار کرتی ہے۔ ٹینیسی گورنر بل لی نے کہا کہ وہ اس واقعے کی نگرانی کر رہے ہیں اور تمام متاثرہ خاندانوں کے لیے دعاگو ہیں۔دھماکے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ تحقیقات جاری ہیں جب کہ مقامی پارک میں درجنوں افراد نے جمع ہو کر شمعیں روشن کیں اور لاپتہ افراد کی سلامتی کے لیے دعا کی۔