راولپنڈی – پاک فوج نے خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 30 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تمام دہشت گرد 7 اکتوبر کو ضلع اورکزئی کے علاقے جمال مایا میں پیش آنے والے دہشت گرد حملے میں ملوث تھے، جس میں پاک فوج کے دو افسران سمیت 11 اہلکار شہید ہوئے تھے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن معتبر انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیا گیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مارے گئے دہشت گرد بھارتی پشت پناہی یافتہ خوارج تھے، جو علاقے میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ آپریشن کے بعد علاقے میں موجود کسی بھی دیگر دہشت گرد عنصر کی تلاش کے لیے کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی اور قوم کے عزم و حوصلے کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائے گی۔