vosa.tv
Voice of South Asia!

کیئر شکاگو کی 22ویں سالانہ گالا تقریب میں 1 ہزار سے زائد افراد کی شرکت

0

شکاگو(رپورٹ: سید خلیل اللہ) کونسل آن امریکن-اسلامک ریلیشنز (کیئر) شکاگو چیپٹر نے اپنی 22ویں سالانہ گالا تقریب کامیابی سے منعقد کی، جس میں ایک ہزار سے زیادہ افراد، سرکاری نمائندے، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

 یہ تقریب اوک بروک ٹیرس میں “لائف لائن آف لبرٹی: رائز، ریپریزنٹ، ریکلیم” کے عنوان سے منعقد ہوئی۔ کیئر، جو امریکہ میں مسلمانوں کے شہری حقوق اور وکالت کے لیے سرگرم سب سے بڑی تنظیم ہے، ملک بھر میں اپنے علاقائی دفاتر کے ذریعے بین المذاہب ہم آہنگی اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے کام کر رہی ہے۔ تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد ریحاب نے اپنی 22 سالہ خدمات کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیئر نے قانونی امداد، میڈیا تعلقات، اور شہری شمولیت کے ذریعے امریکی مسلم کمیونٹی کو مضبوط کیا ہے۔ شکاگو کے میئر برینڈن جانسن تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ کانگریس وومین ڈیلیا رامیرز، ایلڈرمین بائرن سگچو-لوپیز اور روسانا روڈریگوز سانچیز نے بھی خطاب کیا۔ امام محمد عباس نے قرآن کی تلاوت سے تقریب کا آغاز کیا، جب کہ امام حسن علی نے فنڈ ریزنگ کی قیادت کی۔ مرکزی مقرر، امریکی سیاسی کارکن جینک اویگر نے اسلاموفوبیا اور منظم نسل پرستی کے خلاف آواز اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کا اختتام ڈاکٹر مازن قدیمی کی دعا سے ہوا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.