
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے وزیراعظم شہباز شریف سے معافی مانگ لی۔
انہوں نے اپنی معذرت سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کی۔ ایمل ولی خان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی دورہ امریکہ کے دوران ایک تصویر پر تنقید کی تھی۔ اپنے پیغام میں ایمل ولی خان نے کہا کہ ’’کھلے عام تنقید کی جرات تھی تو غلطی پر سرعام معافی مانگنے کا بھی حوصلہ ہے‘‘۔ واضح رہے کہ تیس ستمبر کو ایوانِ بالا کے اجلاس میں ایمل ولی خان نے آرمی چیف عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ آرمی چیف بریف کیس میں نایاب معدنیات لے جا رہے ہیں۔ تاہم ایک ماہ اور آٹھ روز بعد ایمل ولی خان نے وضاحت کی کہ وزیراعظم کے مطابق امریکی صدر کو دیا گیا معدنیات کا تحفہ فیلڈ مارشل نے اپنی جیب سے خریدا تھا، جس کا کسی ملکی یا غیر ملکی معدنیاتی معاہدے سے کوئی تعلق نہیں۔