
قاہرہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اسرائیلی اور حماس مذاکرات کاروں کے درمیان مصر میں جاری امن بات چیت میں شریک ہوں گے۔
ان کی شمولیت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب مذاکرات کے دوسرے دن بھی کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق، دونوں امریکی نمائندے منگل کی شام امریکا سے روانہ ہوئے۔ قطر کے وزیرِاعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی اور ترک انٹیلیجنس کے سربراہ بھی مذاکرات میں شامل ہوں گے تاکہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے منصوبے کو آگے بڑھایا جا سکے۔ مذاکرات میں مستقل جنگ بندی، اسرائیلی فوج کے انخلا، انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ کی بعد از جنگ حکمرانی جیسے معاملات پر اختلافات برقرار ہیں۔ حماس کے نمائندے خلیل الحیہ نے مصری میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گروپ سنجیدہ مذاکرات چاہتا ہے مگر اسے ٹرمپ اور عالمی برادری سے حقیقی ضمانتیں درکار ہیں کہ جنگ دوبارہ شروع نہیں ہوگی۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ ٹرمپ کے امن منصوبے کو "تاریخی موقع” سمجھ کر جنگ کے خاتمے کے لیے استعمال کریں۔