صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے شکاگو کے قریب نیشنل گارڈ کے اہلکار تعینات کر دیے ہیں، جبکہ امکان ہے کہ جمعے تک میمفس میں بھی فورس بھیج دی جائے گی۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹد پریس کے مطابق ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے اہلکاروں کو ال وُوڈ کے آرمی ریزرو سینٹر میں دیکھا گیا، جہاں اضافی باڑ، ٹرک اور سپلائی پہنچائی گئی ہیں۔ اس اقدام پر ریاست الینوائے کے گورنر جے بی پرٹزکر اور دیگر ڈیموکریٹ رہنماؤں نے سخت ردعمل دیتے ہوئے وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے، جس میں ٹرمپ پر نیشنل گارڈ کو “سیاسی ہتھیار” کے طور پر استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ دوسری جانب ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بڑے شہروں میں بڑھتے جرائم اور امیگریشن قوانین کے نفاذ کے لیے ضروری ہے۔ میمفس میں حکام کے مطابق، فوجی اہلکار امریکی مارشل سروس کے تحت مقامی پولیس کے ساتھ معاونت کریں گے۔ ادھر پورٹ لینڈ میں عدالت نے عارضی طور پر نیشنل گارڈ کی تعیناتی روک دی ہے، جب کہ ریاست اوریگون کی گورنر ٹینا کوٹک نے کہا ہے کہ ان کے صوبے میں کسی “بغاوت” کی صورتحال نہیں۔