شکاگو میں ورلڈ میمن آرگنائزیشن روڈ شو کا تیسرا پڑاؤ
شکاگو: (رپورٹ: سید خلیل اللہ) ورلڈ میمن آرگنائزیشن کا امریکا اور کینیڈا روڈ شو اکتوبر 2025 میں اپنے تیسرے مرحلے میں شکاگو پہنچا، جہاں 6 اکتوبر کو ہالیڈے اِن سکوکی میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کی میزبانی ورلڈ میمن آرگنائزیشن کے صدر اور اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال نے کی، جنہوں نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر نیٹ ورکنگ، تقاریر، اور کمیونٹی کی تعمیر سے متعلق مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں شکاگو کی میمن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے متعدد کاروباری اور سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔ اس دوران شرکاء کو ورلڈ میمن آرگنائزیشن کے بامعاوضہ ممبر بننے اور یو ایس اے چیپٹر کے انتخابات میں حصہ لینے کی ترغیب دی گئی۔ تقریب میں 60 نئے اراکین کو تنظیم میں شامل کیا گیا، جبکہ میمن ایسوسی ایشن آف شکاگو الینوائے نے اپنے 100 ممبران کے لیے ورلڈ میمن آرگنائزیشن میں شمولیت کا اعلان کیا۔سلمان اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ روڈ شو کا مقصد امریکا میں مقیم میمن برادری کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا اور عالمی سطح پر اتحاد و تعاون کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ میمن آرگنائزیشن ایک ایسی دنیا کا خواب دیکھتی ہے جہاں میمن اور مسلمان تعلیم، صحت، استحکام اور وقار کے ساتھ زندگی گزاریں، اور ان کی اجتماعی کوششیں ہم آہنگی اور ترقی کا باعث بنیں۔ورلڈ میمن آرگنائزیشن کا یہ روڈ شو اس سے قبل ہیوسٹن اور ڈلاس میں منعقد ہوچکا ہے، جبکہ اگلا مرحلہ ٹورنٹو اور نیویارک میں منعقد کیا جائے گا۔