شکاگو سمیت دنیا کے 36 شہروں میں خواتین کے حق میں عالمی 5K واک
شکاگو: (رپورٹ سید خلیل اللہ) سماجی تنظیم "امپاور ویمن این ایف پی” نے اپنی چھٹی سالانہ عالمی 5K واک ہینوور پارک الینوائے سمیت دنیا کے 36 شہروں میں منعقد کی۔
واک میں 150 سے زائد شرکاء نے گھریلو تشدد کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ اتوار کی روشن صبح میں شرکاء نے یوگا اور اسٹریچنگ سے دن کا آغاز کیا اور سبز و جامنی رنگ کی کلائی پٹیاں پہن کر امید و شفا کا پیغام دیا۔ واک کے دوران ماحول دوستی، خوشگوار جذبات اور کمیونٹی سپورٹ نمایاں رہی۔ واک کے اختتام پر پارک میں ہنسی، تفریح اور بچوں کی سرگرمیوں سے فضا گونج اٹھی۔ اس موقع پر کافی، چائے، سموسے اور انرجی ڈرنکس پیش کیے گئے۔ تنظیم کی بانی و ایگزیکٹو ڈائریکٹر ارشیا حسنین نے اسپانسرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر قدم بحالی اور طاقت کی علامت ہے۔ چیئرپرسن فروا لاکھانی نے خواتین کو بااختیار بنانے کے پروگراموں پر روشنی ڈالی جو پسماندہ کمیونٹیز میں روزگار اور نئی مہارتوں کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ شکاگو میں قائم یہ غیر منافع بخش تنظیم گھریلو تشدد کے متاثرین کو قانونی، جذباتی اور عملی مدد فراہم کر کے انہیں باعزت زندگی کی طرف واپس لانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔