vosa.tv
Voice of South Asia!

 کیلیفورنیا: امیگریشن حراست میں ایک اور قیدی کی موت، دو ہفتوں میں دوسرا واقعہ

0

کیلیفورنیا کے امپیریل ویلی میں وفاقی امیگریشن حکام کی حراست میں ایک اور تارکِ وطن جاں بحق ہوگیا، جو دو ہفتوں کے اندر ریاست میں پیش آنے والا دوسرا واقعہ ہے۔

امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے مطابق، چین سے تعلق رکھنے والے حوابنگ شیے (Huabing Xie) کو جمعے کے روز کالیکسیکو کے امپیریل ریجنل ڈٹینشن سینٹر میں دورہ پڑا، جس کے بعد وہ اسپتال میں دم توڑ گیا۔آئی سی ای کے بیان کے مطابق، مرکز کے عملے نے قیدی کو طبی امداد فراہم کی، تاہم ال سینٹرو ریجنل میڈیکل سینٹر میں اسے مردہ قرار دیا گیا۔ شیے کو گزشتہ ماہ انڈیو سے گرفتار کیا گیا تھا، جب حکام نے الزام لگایا کہ وہ امریکا میں غیر قانونی طور پر مقیم تھا۔امیگریشن حقوق کے کارکنوں نے واقعے پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کیا۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب دو ہفتے قبل ایڈی لانٹو کے حراستی مرکز میں 39 سالہ اسماعیل آیالا-یوریبے بھی بخار اور کھانسی کے باعث ہلاک ہوا تھا۔ رواں سال جنوری سے اب تک آئی سی ای کی تحویل میں 17 قیدیوں کی اموات رپورٹ ہوچکی ہیں، جسے ماہرین 2018 کے بعد سب سے مہلک عرصہ قرار دے رہے ہیں۔امیگریشن ماہرین نے وفاقی و ریاستی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شیے کی موت کی مکمل تحقیقات کریں۔ رپورٹس کے مطابق، امپیریل ریجنل ڈٹینشن سینٹر ایک نجی کمپنی کے زیرانتظام ہے جو سالانہ 44 ملین ڈالر سے زائد کے وفاقی فنڈز حاصل کرتی ہے، تاہم ماضی میں اس مرکز پر قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی اور خراب حالات کے الزامات بھی عائد ہوچکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.