vosa.tv
Voice of South Asia!

 شکاگو اور الینوائے کا نیشنل گارڈ کی تعیناتی روکنے کے لیے ٹرمپ کے خلاف مقدمہ

0

شکاگو: امریکی ریاست الینوائے اور شکاگو سٹی حکومت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے خلاف عدالت سے رجوع کرتے ہوئے نیشنل گارڈ کے سینکڑوں اہلکاروں کی شہر میں تعیناتی کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

یہ مقدمہ ایسے وقت میں دائر کیا گیا جب ایک وفاقی جج نے اسی نوعیت کے اقدام کو پورٹلینڈ، اوریگون میں روک دیا تھا۔ مقدمے کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کا یہ قدم “شکاگو اور الینوائے کے خلاف اعلانِ جنگ” کے مترادف ہے۔گورنر جے بی پرٹزکر نے اس اقدام کو “ٹرمپ کا حملہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر فوجی اہلکاروں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق تقریباً 300 الینوائے نیشنل گارڈ اہلکاروں کو وفاقی کنٹرول میں لے کر شکاگو بھیجنے کی تیاری تھی، جبکہ مزید 400 فوجی ٹیکساس سے طلب کیے گئے تھے۔ ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے کہا کہ یہ کارروائی وفاقی اہلکاروں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے جو امیگریشن قانون پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے وضاحت دی کہ صدر کے پاس نیشنل گارڈ کی تعیناتی کا آئینی اختیار ہے، اور انہوں نے “بڑھتی ہوئی بدامنی” کے پیشِ نظر یہ فیصلہ کیا۔ تاہم، شکاگو کے میئر برینڈن جانسن نے وفاقی اداروں کو شہر کی زمین اور عمارتوں کو کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے سے روکنے کا حکم نامہ جاری کر دیا۔دوسری طرف الینوائے سول لبرٹیز یونین (ACLU) نے بھی ٹرمپ، ہوم لینڈ سیکیورٹی، ICE، اور بارڈر پیٹرول کے خلاف ایک مقدمہ دائر کیا ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ وفاقی ایجنٹس نے پُرامن مظاہرین اور صحافیوں کے خلاف “بے تحاشا طاقت” استعمال کی، جس سے شہری آزادیوں کی خلاف ورزی ہوئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.