
کوالالمپور: پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے سرکاری دورے کے دوران ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ملائیشیا کے تجربات سے استفادے کے لیے مشترکہ منصوبے قائم کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے ملائیشیا کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ شہباز شریف نے بتایا کہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، عالمی امور، مسئلہ فلسطین اور غزہ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے ملائیشیا کی جانب سے پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت کے حلال گوشت کی درآمد کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس تجارت کو مزید وسعت دی جائے گی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر علامہ اقبال کے اشعار بھی پڑھے۔ ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ ہم نے علامہ اقبال کی تصانیف "جاوید نامہ”، "اسرارِ خودی” اور "خطباتِ اقبال” کا اردو ترجمہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔