اسلام آباد: دفتر خارجہ پاکستان نے کہا ہے کہ صمود فلوٹیلا میں سوار پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے تمام سفارتی ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی شہریوں کو اسرائیلی قابض افواج نے غیر قانونی طور پر حراست میں لیا، جس کی تصدیق ایک دوست یورپی ملک کے ذریعے سفارتی چینلز سے کی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد اس وقت اسرائیلی افواج کی تحویل میں ہیں، تاہم وہ محفوظ اور خیریت سے ہیں، اور انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی ان پاکستانیوں کی واپسی کو مربوط کیا گیا جو فلوٹیلا سے پہلے اترے تھے۔ ترجمان نے برادر ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور بحفاظت واپسی کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گا۔