
عالمی خلائی ہفتہ 2025 کا آغاز، موضوع "خلاء میں زندگی” مقرر
ہوانا: دنیا بھر میں عالمی خلائی ہفتہ 2025 کا آغاز ہفتہ 4 اکتوبر سے ہو گیا جو 10 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
اس سال کا مرکزی موضوع "خلاء میں زندگی” رکھا گیا ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں خلائی علوم کے ذریعے تعلیم، تحقیق، اور پائیدار زندگی کے امکانات کو اجاگر کرنا ہے۔ اس ہفتے کے دوران مباحثے، ورکشاپس، ماہرین اور طلبہ کے درمیان تبادلہ خیال، نمائشیں اور جدید خلائی ٹیکنالوجی کی پیشکش شامل ہیں۔ 4 اکتوبر کا دن 1957 میں دنیا کے پہلے مصنوعی سیارے "اسپوٹنک 1” کے خلا میں بھیجے جانے کی یاد دلاتا ہے، جبکہ 10 اکتوبر 1967 میں اقوام متحدہ کے اُس معاہدے کی یاد ہے جس میں چاند اور دیگر خلائی اجسام کے پرامن استعمال کے اصول طے کیے گئے تھے۔ اقوام متحدہ نے 1999 میں قرارداد 54/68 کے تحت 4 تا 10 اکتوبر کو عالمی خلائی ہفتہ قرار دیا تھا تاکہ خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کی انسانی ترقی میں خدمات کو سراہا جا سکے۔ اس سال کی تقریبات میں یہ پہلو اجاگر کیا جا رہا ہے کہ کس طرح انسان خلاء کو مستقبل میں رہائش کے قابل بنانے کی سمت بڑھ رہا ہے۔