جدہ: ملک محسن رضا کی جانب سے سفیرِ پاکستان کے اعزاز میں عشائیہ
جدہ: سعودی عرب کے شہر جدہ میں معروف بزنس مین ملک محسن رضا اور ملک شہزاد کی رہائش گاہ پر پرتگال میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد خالد اعجاز کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا،
عشائیے میں پاکستانی بزنس کمیونٹی، صحافیوں اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر میزبان ملک محسن رضا نے سفیرِ پاکستان کو عمرہ کی ادائیگی پر مبارکباد دی۔ عشائیے کے دوران ڈاکٹر خالد اعجاز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے بچے اعلیٰ تعلیم کے لیے پرتگال جا رہے ہیں اور ان کی فیملیز بھی ایجوکیشن ویزا پر منتقل ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین اور خاندانوں کے تحفظ کے لیے سفارت خانے نے ایک خصوصی پلیٹ فارم قائم کیا ہے تاکہ انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔ پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ پرتگال میں مزدوروں کی شدید کمی کے پیشِ نظر پاکستان سے ہنر مند افرادی قوت بھجوائی جائے گی، جو دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاکستانیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ تقریب کے اختتام پر وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔