
پورٹ لینڈ، اوریگن: وفاقی جج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں نیشنل گارڈ کے دستے تعینات کرنے سے عارضی طور پر روک دیا ہے
امریکی ضلعی جج کیرن ایمرگوٹ نے ہفتے کے روز ریاست اور شہر کی جانب سے دائر کردہ مقدمے میں یہ حکم جاری کیا۔ محکمہ دفاع نے اعلان کیا تھا کہ وفاقی املاک کے تحفظ کے لیے اور ممکنہ احتجاجی مقامات پر سیکیورٹی برقرار رکھنے کی خاطر اوریگن نیشنل گارڈ کے 200 اہلکاروں کو ساٹھ دن کے لیے وفاقی کنٹرول میں لایا جا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں پورٹ لینڈ کو “جنگ زدہ شہر” قرار دیا تھا، جس پر ریاستی حکام نے شدید ردِعمل دیتے ہوئے اس بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ یاد رہے کہ شہر میں امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کی عمارت کے باہر گزشتہ چند ہفتوں سے محدود پیمانے پر احتجاجی مظاہرے جاری تھے، تاہم ٹرمپ انتظامیہ کے اس اقدام کے بعد صورتِ حال مزید حساس ہو گئی۔