
پاکستانی نژاد امریکی کریم لاکھانی کا الینوائے اسمبلی کے لیے انتخابی میدان میں اترنے کا اعلان
شکاگو(رپورٹ سید خلیل اللہ) پاکستانی نژاد امریکی شہری اور سماجی رہنما کریم لاکھانی نے ریاست الینوائے کے 12ویں ڈسٹرکٹ سے نمائندہ بننے کے لیے اپنی امیدواری کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
یہ اعلان 27 ستمبر 2025 کو ہالیڈے ان سکوکی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا گیا، جہاں درجنوں مقامی سیاسی رہنماؤں، کمیونٹی اراکین اور ڈیموکریٹک پارٹی کے عہدیداروں نے شرکت کی۔یہ نشست نمائندہ مارگریٹ کروک کے خالی کرنے کے بعد دستیاب ہوئی، جو اب کمپٹرولر کے لیے انتخاب لڑ رہی ہیں۔ کریم لاکھانی سکوکی کے تاحیات رہائشی، اٹارنی، اور ایک چھوٹے کاروبار کے مالک ہیں۔ وہ اپنے خاندان کی کمپنی "لاکھانی ہاسپیٹلیٹی” سے وابستہ ہیں۔ تعلیم کے میدان میں وہ نائلز ویسٹ ہائی اسکول کے فارغ التحصیل اور 2014 میں کارنیل یونیورسٹی کے ویلڈیکٹورین رہ چکے ہیں۔کریم لاکھانی نے اپنی انتخابی مہم میں وعدہ کیا کہ وہ مہنگائی، انسانی حقوق کی پامالی، اور عوامی مسائل کے خاتمے کے لیے بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ ان کے مطابق، “مہنگائی کا خاتمہ، انسانی حقوق کی پاسداری اور عوامی فلاح میری اولین ترجیحات ہیں۔” ان کی مہم پڑوس کی حفاظت، چھوٹے کاروباروں کے لیے مدد اور کمیونٹیز میں ڈیٹا پر مبنی سرمایہ کاری پر مرکوز ہے۔الینوائے کے سیکریٹری آف اسٹیٹ الیکسی گیانولیاس سمیت کئی ڈیموکریٹک رہنماؤں اور مسلم کمیونٹی کے سرکردہ اراکین نے لاکھانی کی حمایت کا اعلان کیا۔ تقریب میں شکاگو لینڈ بھر سے دو سو سے زائد افراد نے شرکت کی اور انہیں کامیابی دلانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اگر کریم لاکھانی کامیاب ہوئے تو وہ الینوائے جنرل اسمبلی میں پہلے پاکستانی نژاد اور تیسرے مسلمان قانون ساز ہوں گے۔