vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: جرائم کی شرح میں نمایاں کمی، فائرنگ کے واقعات تاریخی کم ترین سطح پر

0

نیویارک سٹی نے 2025 کے ابتدائی 9 ماہ میں جرائم کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے، خاص طور پر فائرنگ کے واقعات کے لحاظ سے، جو تاریخی طور پر کم ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔

نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، شہر میں گن وائلنس میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، حتیٰ کہ گرمیوں کے دوران جب عموماً اس نوعیت کے جرائم میں اضافہ ہوتا ہے۔پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ کمی نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کی حکمت عملی اور منظم تعیناتی کا نتیجہ ہے کہ ہم نے 2,300 پولیس افسران کو 72 سمر زونزمیں تعینات کیا، جو شہر کے 60 سے زائد محلوں میں واقع تھے۔ یہ نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی تعیناتی تھی اور یہ منصوبہ بندی مؤثر ثابت ہوئی، اعداد و شمار کے مطابق، جولائی تا ستمبر 2025 کے دوران نیویارک سٹی کا سب وے نظام پچھلے 15 برسوں میں سب سے زیادہ محفوظ رہا۔سب وے جرائم میں 4 فیصد کمی اور بڑی وارداتوں میں 14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ستمبر میں بڑے جرائم میں بھی نمایاں کمی ہوئی،قتل کے واقعات میں 27 فیصد کمی جبکہ سالانہ بنیاد پر قتل کی شرح میں 18 فیصد کمی دیکھی گئی۔2025 میں اب تک شہر میں 553 فائرنگ کے واقعات ریکارڈ ہوئے، جو پچھلے سال کے 693 کے مقابلے میں واضح کمی ہے۔ صرف تیسری سہ ماہی میں 216 واقعات رپورٹ ہوئے، جو نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے مطابق، نیویارک کی تاریخ کی کم ترین سہ ماہی شرح ہے۔یہ خوش کن اعداد و شمار میئر ایرک ایڈمز کے لیے ایک کامیابی کے ساتھ ساتھ تلخ حقیقت بھی لے کر آئے، کیونکہ انہوں نے حال ہی میں اگلے میئرل انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔2022 میں مئیر کا عہدہ سنبھالنے والے ایرک ایڈمز نے کہا کہ صورتحال اتنی بہتر ہو چکی ہے کہ تمہیں میری یاد آئے گی۔انہوں نے ممکنہ جانشین اور میئر امیدوار زوہران مامدانی کو عوامی تحفظ کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا، اور سابق میئر مائیکل بلومبرگ کے الفاظ دہراتے ہوئے کہا کہ جب میں میئر بنا تو بلومبرگ نے کہا تھااسے برباد مت کرنا اور اب میں بھی یہی کہتا ہوں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.