پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے نیویارک میں فنڈریزنگ
پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے نیویارک میں کونسل آن پاک یو ایس ریلیشنز کے زیرِ اہتمام فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔شرکا نے دل کھول کر عطیات جمع کرائے۔ مشہور فوک گلوکارہ صنم ماروی نے صوفیانہ کلام سنا کر حاضرین پر سحر طاری کردیا۔
پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے ہر ممکن مدد کرنے کی ٹھان لی۔ کونسل آن پاک یو ایس ریلیشنز نے نیویارک کے علاقے ہکس ول میں فنڈ ریزنگ ڈنر اور صوفیانہ کلام کی محفل سجائی۔ تقریب کی ابتدا تلاوتِ کلام ِ پاک سے کی گئی ۔
تقریب میںساوتھ ایشئن کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی جبکہ امریکی کانگریس مین ٹام سوازی بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔شرکاء سے خطاب میں کانگریس مین ٹام سوازی کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات رنگ نسل مذہب اور قومیت نہیں دیکھتی، ہمیں مدد کرتے وقت بھی کسی قسم کی تفریق نہیں کرنی چاہیے،انسانیت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تین سال پہلے بھی جب پاکستان میں سیلاب آیا تو میں پہلا امریکی سیاستدان تھا جس نے متاثرہ شہروں کا دورہ کیا،میں مختلف قومیتوں کی نمائندگی کرتا ہوں، ٹام سوازی نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔
اس موقع پر مختلف فن پاروں کی نیلامی بھی کی گئی اور اس سے حاصل رقم کو سیلاب متاثرین کی امداد میں شامل کرلیا گیا۔کونسل آن پاک یو ایس ریلیشنز کے سربراہ ذیشان حامد کا کہنا تھا کہ اس تقریب کے اخراجات ان کی تنظیم برادشت کر رہی ہے اور جو رقم جمع ہوگی وہ پاکستان بھیجی جائے گی۔فنڈ ریزنگ میں سیاسی، سماجی اور کاروباری حلقوں سے کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی اور دل کھول کر اپنے عطیات جمع کرائے۔اس موقع پر ڈاکٹر اسما ء حبیب چودھری اور سارہ سجاد کا کہنا تھا کہ قطرہ قطرہ کرکے دریا بنتا ہے، اپنی اپنی بساط کی مطابق اس حصہ ڈالیں۔
تقریب کے انعقاد میں اوورسیز پاکستانی گلوبل فاؤنڈیشن اور پاکستانی کرسچن ایسو سی ایشن کا تعاون بھی حاصل رہا، پی سی اے کے چیئر مین ولیم شہزاد اور انڈین بزنس مین ہیری ملہوترا کا کہنا تھا کہ سیلاب سے جاں بحق افراد پاکستان سے ہوں یا انڈیا کے ،دونوں کا دکھ ایک جیسا ہے ۔فنڈ ریزنگ میں صوفیانہ گائیکی کی بھی محفل سجی جس میں پاکستان کی معروف فوک گلوکارہ صنم ماروی نے اپنے منفرد انداز میں کئی کلام سنائے تو حاضرین داد دیے بغیر نہ رہ سکے ۔