
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے بھارت کے چند اعلیٰ کاروباری شخصیات کے ویزے منسوخ اور نئے ویزے دینے سے انکار کر دیا ہے۔ الزام ہے کہ یہ افراد فینٹانائل بنانے والے کیمیائی اجزا کی غیر قانونی تجارت میں ملوث ہیں۔
امریکی سفارت خانے کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا کہ ان افراد کے نام ظاہر نہیں کیے جا رہے، ان افراد پر الزام ہے کہ یہ افراد فینٹانائل بنانے والے کیمیائی اجزا کی غیر قانونی تجارت میں ملوث ہیں۔یہ کارروائی ٹرمپ انتظامیہ کی ان کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد امریکی عوام کو مہلک مصنوعی منشیات سے بچانا ہے۔یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان تجارتی معاملات اور بھارت کی روسی تیل کی درآمدات کے حوالے سے تناؤ پایا جا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا تھا جسے بھارت نے مسترد کیا۔ تاہم اسی ہفتے دونوں ممالک کے درمیان مختلف سطحوں پر مذاکرات ہوئے اور ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے فون پر رابطہ بھی کیا۔امریکی سفارت خانے نے بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے منشیات کے اس عالمی خطرے سے نمٹنے کی کوششیں جاری ہیں۔ فینٹانائل کے استعمال سے امریکہ میں گزشتہ برس 80 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جن میں نصف سے زیادہ اموات صرف اس مصنوعی اوپیئڈ سے ہوئیں۔