vosa.tv
Voice of South Asia!

مین ہٹن: فیڈرل پلازا پر احتجاج کے دوران 11 منتخب عہدیدار گرفتار

0

امریکی شہر نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں فیڈرل پلازا پر امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کی حراستی سہولتوں کے خلاف احتجاج کے دوران کم از کم 11 منتخب عہدیداروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

گرفتار ہونے والوں میں نیویارک سٹی کے کمپٹرولر بریڈ لینڈر، پبلک ایڈووکیٹ جمانے ولیمز، اسٹیٹ سینیٹر جولیا سالازار اور اسمبلی وومن جیسیکا گونزالیز-روخاس شامل تھیں۔یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب درجنوں سیاستدانوں، سماجی کارکنوں اور مذہبی رہنماؤں نے فیڈرل پلازا کی دسویں منزل پر موجود حراستی کمروں کا معائنہ کرنے کی کوشش کی، جن کے بارے میں ایک حالیہ مقدمے میں ناقص اور گنجان حالت کی شکایات سامنے آئی تھیں۔ مظاہرین نے اندر ہال وے میں دھرنا دیا، جس کے بعد ایجنٹس نے ان کے ہاتھ پلاسٹک کی زنجیروں سے باندھ کر گرفتار کرلیا۔یہ اقدام ایک دن بعد سامنے آیا جب امریکی ڈسٹرکٹ جج لیوس اے کاپلان نے ICE کے خلاف ایک ابتدائی حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ایجنسی کو گنجائش محدود کرنے، صفائی کو یقینی بنانے، بستر مہیا کرنے اور بنیادی اشیائے ضرورت فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ عدالت نے مزید کہا تھا کہ زیر حراست افراد کو صاف ستھری سہولتیں، خفیہ قانونی کالز اور روزانہ صفائی کے اقدامات لازمی فراہم کیے جائیں۔فیڈرل پلازا کے باہر بھی درجنوں مظاہرین، جن میں سیاسی اور سماجی رہنما شامل تھے، کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اس گیراج کے داخلی راستے پر احتجاج کر رہے تھے جہاں سے قیدیوں کو لانے لے جانے والی گاڑیاں گزرتی ہیں۔ بعد ازاں عمارت کو ایک فون کال پر بم کی دھمکی کے باعث عارضی طور پر بند بھی کردیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.