vosa.tv
Voice of South Asia!

ویکسین کمیٹی کا کووڈ، ہیپاٹائٹس بی اور چکن پاکس ویکسینز پر اہم فیصلہ متوقع

0

امریکی ہیلتھ سیکریٹری رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کی نئی ویکسین ایڈوائزری کمیٹی اس ہفتے اٹلانٹا میں اجلاس کر رہی ہے، جہاں کووڈ-19، ہیپاٹائٹس بی اور چکن پاکس ویکسینز سے متعلق سفارشات پر ووٹنگ متوقع ہے۔

اگرچہ ایجنڈے کی تفصیلات واضح نہیں کی گئیں، لیکن ماہرین صحت کو خدشہ ہے کہ یہ ووٹ والدین میں غیر ضروری خدشات پیدا کر سکتے ہیں اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے ویکسین پروگرام پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔یہی کمیٹی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (CDC) کو سفارشات دیتی ہے اور ان کی تجاویز عام طور پر تسلیم کر لی جاتی ہیں۔ کینیڈی، جو وزیر صحت بننے سے پہلے ویکسین مخالف مؤقف کے حامی رہے، نے رواں سال کمیٹی کے تمام 17 اراکین کو برطرف کر کے ان کی جگہ کئی ایسے افراد کو شامل کیا ہے جن پر ویکسین مخالف خیالات رکھنے کے الزامات ہیں۔اجلاس میں کووڈ ویکسین پر خاص توجہ ہو گی کیونکہ ماضی میں کمیٹی نے فلو شاٹس کی توثیق تو کی مگر کووڈ-19 کے ٹیکوں پر خاموشی اختیار کی تھی۔ اسی طرح نومولود بچوں کے لیے ہیپاٹائٹس بی ویکسین اور بچوں کو دی جانے والی چکن پاکس ویکسین (MMRV) پر بھی دوبارہ غور متوقع ہے، حالانکہ ماضی کی تحقیق ان ٹیکوں کی افادیت اور محفوظ ہونے کی تصدیق کرتی ہے۔کمیٹی میں پیر کو مزید پانچ اراکین کو شامل کیا گیا ہے جن میں ڈاکٹروں، محققین اور ایک ایسے ماہر بھی شامل ہیں جنہوں نے ماضی میں ویکسین کے ممکنہ مضر اثرات پر سوالات اٹھائے تھے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ یہ عمل ایک منظم کوشش دکھائی دیتا ہے جس کا مقصد ویکسین پر عوامی اعتماد کو کمزور کرنا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.