نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل نے نیویارک سٹی کے میئر کے عہدے کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار زوہران ممدانی کی حمایت کر دی ہے۔
اتوار کو نیویارک ٹائمز میں شائع ایک آرٹیکل میں ہوکل نے لکھا کہ اگرچہ وہ اور ممدانی کئی پالیسی معاملات پر مختلف رائے رکھتے ہیں، لیکن دونوں شہر اور ریاست کو سستی رہائش اور بہتر سہولتوں کی فراہمی کے ایجنڈے پر متفق ہیں۔ہوکل نے کہا کہ انہیں ممدانی میں ایک ایسا رہنما نظر آیا ہے جو نیویارک کو ایک ایسا شہر بنانے کے لیے پرعزم ہے جہاں بچے محفوظ ماحول میں پروان چڑھیں اور خاندانوں کے لیے مواقع قریب ہوں۔ ممدانی نے بھی اس حمایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی تحریک کے مزید مضبوط ہونے کا ثبوت ہے۔ ان کے مطابق وہ گورنر کے ساتھ مل کر شہر کو محفوظ اور زیادہ سستا بنانے کے لیے کام کریں گے۔یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب انتخابی مہم میں دیگر امیدوار، بشمول سابق گورنر اینڈریو کومو، موجودہ میئر ایرک ایڈمز اور ریپبلکن کرٹس سلوا، ممدانی پر تنقید تیز کر چکے ہیں۔ نومبر میں ہونے والے عام انتخابات سے قبل ممدانی اب بھی رائے عامہ کے جائزوں میں سب سے آگے ہیں۔ادھر ریپبلکن رہنما ایلیس اسٹیفانک نے ہوکل کی اس حمایت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گورنر اپنے کم ہوتے مقبولیت کے گراف کو سہارا دینے کے لیے بائیں بازو کی طرف جھک رہی ہیں۔ تاہم سیاسی ماہرین کے مطابق ہوکل کی یہ حمایت ڈیموکریٹک پارٹی میں ممدانی کی پوزیشن مزید مستحکم کر دے گی اور انتخابی دوڑ میں ان کے امکانات کو تقویت ملے گی۔