
پاکستانی ننھے اسٹار احمد شاہ کے بھائی عمر شاہ انتقال کر گئے
پاکستانی ننھے اداکار اور انٹرنیٹ سینسیشن احمد شاہ کے بھائی عمر شاہ انتقال کر گئے۔
یہ افسوسناک خبر احمد شاہ کے آفیشل فیس بک پیج پر ان کے خاندان کی جانب سے جاری کی گئی۔ پیغام میں بتایا گیا کہ "ہمارے خاندان کا ننھا چمکتا ستارہ عمر شاہ اللہ تعالیٰ کے حضور واپس لوٹ گیا ہے۔ سب سے گزارش ہے کہ اسے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔”اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور تعزیت کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان اور بیرون ملک میں موجود ان کے مداحوں نے خاندان کے غم میں شریک ہوتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت میں جگہ دے اور سوگواران کو صبر عطا فرمائے۔احمد شاہ، جو "پٹھان کا بچہ” کے نام سے مشہور ہوئے، پہلی بار اس وقت منظرِ عام پر آئے جب ان کا معصوم جملہ "پیچھے دیکھو پیچھے” وائرل ہوا۔ یہ جملہ ٹک ٹاک، انسٹاگرام اور فیس بک پر اس قدر مشہور ہوا کہ کئی مشہور کانٹینٹ کری ایٹرز نے اس کی آڈیو اپنے ویڈیوز میں استعمال کی۔مداحوں کو احمد شاہ کی معصومیت، معصوم چہرہ اور گولو مولو انداز نے بہت متاثر کیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ احمد شاہ کے ساتھ ان کے بھائی عمر شاہ بھی ویڈیوز میں نظر آتے رہے اور دونوں بھائیوں کی معصومیت اور شرارت نے دیکھنے والوں کے دل جیت لیے تھے۔ عمر شاہ کے انتقال نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ مداحوں کو بھی گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔